احمد آباد: گجرات کے احمد آباد میں ایک خاتون نے مبینہ طور پر دریا میں چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔ خودکشی کرنے سے پہلے اس نے اپنے موبائل فون پر ایک ویڈیو ریکارڈ کی تھی، جس کے بعد اس کے شوہر پر خود کشی کے لئے اکسانے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ یہ جانکاری پیر کو پولیس نے دی۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ یہ واقعہ 25 فروری کا ہے اور پولیس نے خاتون کی شناخت عائشہ خان (23) کے نام سے کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے خودکشی کرنے سے قبل اپنے شوہر اور والدین سے بھی بات کی تھی ۔ خاتون کے والد لیاقت علی مکرانی کی جانب سے سبرا متی ریور فرنٹ (ویسٹ) پولیس اسٹیشن میں درج ایک ایف آئی آر کے مطابق ، عائشہ کا شوہر عارف بابوخان اسے ذہنی اذیت دیتا تھا اور اس سے کہا کہ اگر چاہتی ہو تو مرجاؤ اور مجھے ایک ویڈیو بھیج دو۔
واقعہ کی تحقیقات کررہی پولیس
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں عائشہ کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ وہ کسی دبا ؤمیں یہ قدم نہیں اٹھا رہی ہیں۔ پولیس کے مطابق ، اس نے اپنے والدین سے کہا کہ وہ اپنی زندگی میں اپنے شوہر کو نہیں چاہتی اور زندگی سے عاجز آچکی ہے ۔ سبرامتی ریور فرنٹ(ویسٹ)پولیس اسٹیشن کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ عارف بابوخان کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں