
نئی دہلی: دہلی کی کابینہ نے آج دہلی بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کی تشکیل کی منظوری دے دی۔
دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ایک پریس کانفرنس میں تعلیمی بورڈ کے قیام پر کابینہ کی منظوری کے بارے میں اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ اس بورڈ کو بنانے کا مقصد یہ ہے کہ یہاں کے بچے بین الاقوامی معیار کی تعلیم کی طرف بڑھیں۔ اس بورڈ کا پیمائشی نظام بین الاقوامی معیار کا ہوگا۔
یہ بورڈ قومی اور بین الاقوامی اداروں کے اشتراک سے تشکیل دیا جائے گا اور یہ بورڈ ایسا جدید پیمائشی نظام تیار کرے گا، جس کی بنیاد پر کلاس روم کی تعلیم کا طریقہ بھی بدلا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس بورڈ کے ذریعہ بچوں میں اسباق رٹنے کی بجائے اسے سمجھنے اور ذاتی ترقی پر زور دیا جائے گا۔ بورڈ بچوں کی خوبیوں کا جائزہ لے کر ان کو باہر لانے کی تدبیر کرے گا اور اس کے مطابق ان کی مجموعی ترقی کے لیے تعلیم دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ابھی تک ہم اپنے تعلیمی نظام میں تین گھنٹے کے امتحان کے ذریعہ سال بھر میں بچوں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہیں، لیکن نئے بورڈ میں اس طریقے کو بدل کر سال بھر بچوں کی مسلسل تشخیص کی جائے گی۔
وزیر اعلی نے کہا کہ دہلی میں 1000 سرکاری اور تقریبا 1700 نجی اسکول ہیں جو سی بی ایس ای بورڈ سے الحاق شدہ ہیں۔ ان تمام اسکولوں کو نئے تشکیل شدہ بورڈ میں ایک ساتھ شامل نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ تعلیمی بورڈ 2021-22 میں دہلی حکومت کے 20-25 سرکاری اسکولوں کو اس بورڈ میں شامل کیا جائے گا۔ ان اسکولوں کا انتخاب اسکول کے اساتذہ، پرنسپل اور والدین کی رائے لینے کے بعد کیا جائے گا اور امید کی جاتی ہے کہ اگلے 4-5 سالوں میں تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسکول رضاکارانہ طور پر دہلی تعلیمی بورڈ میں شامل ہونا چاہیں گے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں