چنڈی گڑھ : ویکسی نیشن کے درمیان ملک کے کئی علاقوں ایک مرتبہ پھر سے کورونا وائرس کے معاملات تیزی سے بڑھ رہے ہیں ۔ پنجاب میں بھی کورونا کے معاملات بڑھنے لگے ہیں ۔ وائرس کے بڑھتے معاملات کے پیش نظر جالندھر میں نائٹ کرفیو لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق جالندھر میں ہفتہ سے رات گیارہ بجے سے صبح پانچ بجے تک کرفیو لگا رہے گا ۔ اس دوران لوگوں کو بلاوجہ گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ نائٹ کرفیو میں صرف ضروری خدمات کی چھوٹ دی گئی ۔ حالانکہ یہ نائٹ کرفیو کب تک لاگو رہے گا ، اس کے بارے میں کوئی آفیشیل جانکاری نہیں ملی ہے ۔
ڈی سی گھنشیام تھوری نے کہا کہ کورونا کے خطرے سے نمٹنے کیلئے لوگوں کو انتظامیہ کا تعاون کرنا چاہئے ۔ شہر میں کورونا وائرس کے معاملات ابھی تھمنے کا نام نہیں لے رہے ہیں ۔ تشویش کی بات یہ ہے کہ سب سے زیادہ نئے مثبت معاملات سکولی بچوں میں سامنے آرہے ہیں
تمل ناڈو میں 31 مارچ تک لاک ڈاؤن
فروری مہینے کے آخری دن تمل ناڈو حکومت نے ریاست میں 31 مارچ تک لاک ڈاؤن کو بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا ۔ حالانکہ ریاست میں کوئی نیا سخت ضابطہ لاگو نہیں کیا گیا ہے ، بلکہ مرکزی حکومت کی گائیڈلائنس کے تحت ہی قدم اٹھائے گئے ہیں ۔ انتظامیہ کو کورونا ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔
کورونا سے ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ لوگوں کی موت
ملک میں کورونا وائرس سے اب تک مجموعی طور پر ایک لاکھ 57 ہزار 656 افراد کی موت ہوئی ہے ، جن میں مہاراشٹر سے 52 ہزار 393 ، تمل ناڈو سے 12 ہزار 513 ، کرناٹک سے 12 ہزار 354 ، دہلی سے 10 ہزار 918 ، مغربی بنگال سے 10 ہزار 275 ، اترپردیش سے 8 ہزار 729 اور آندھر پردیش سے سات ہزار 172 مریض شامل ہیں ۔وزارت صحت نے کہا کہ جن مریضوں کی موت ہوئی ہے ، ان میں سے 70 فیصد سے زیادہ مریض دیگر بیماریوں سے بھی متاثر تھے ۔ وزارت نے اپنی ویب سائٹ پر کہا کہ اس کے اعداد و شمار کو آئی سی ایم آر سے ملایا جارہا ہے ۔



کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں