کولکتہ: مغربی بنگال کے نندی گرام میں ریاست کی وزیر اعلی ممتا بنرجی پر ہوئے حملہ پر ترنمول کانگرس نے الیکشن کمیشن پر سوالات اٹھائے تھے ۔ اب کمیشن نے ٹی ایم سی کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک افسوسناک واقعہ تھا ، لیکن یہ کہنا غلط ہوگا کہ کمیشن نے ریاست کے لا اینڈ آرڈر مشینری پر قبضہ کرلیا ہے ۔ کمیشن نے کہا کہ اس واقعہ کی فوری جانچ کرانے کی ضرورت ہے ۔ بتادیں کہ نندی گرام کے واقعہ پر ٹی ایم سی نے کمیشن کو خط لکھا تھا ۔
بتادیں کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر نندی گرام میں مبینہ طور پر ہوئے حملے سے وابستہ تشویشات کو لے کر جمعہ کو پارٹی کا ایک پارلیمانی وفد دہلی میں الیکشن کمیشن کے افسران سے ملاقات کرنے والا ہے ۔ پارٹی سے وابستہ ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے ترنمول کانگریس کے چھ اراکین کے اس نمائندہ وفد میں شامل ہونے کیلئے دہلی پہنچنے کا امکان ہے ۔
ترنمول کے ایک وفد نے جمعرات کو کولکتہ میں الیکشن کمیشن کے افسران سے ملاقات کی اور الیکشن کمیشن پر بی جے پی کے لیڈروں کی ہدایت کے مطابق کام کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ ممتا بنرجی پر حملہ کے اندیشہ کی رپورٹ کے باوجود الیکشن کمیشن نے کچھ نہیں کیا ۔
ترنمول لیڈروں نے دعوی کیا کہ یہ حملہ ترنمول سپریمو کی جان لینے کیلئے گہری سازش تھی اور بی جے پی نے پڑوسی ریاست سے غیر سماجی عناصر کو تشدد کرنے کیلئے نندی گرام بھیجا تھا ۔
طلب ہے کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلی بنرجی نے بدھ کو الزام لگایا کہ نندی گرام میں انتخابی تشہیر کے دوران چار پانچ لوگوں نے انہیں دھکا دیدیا ، جس کی وجہ سے وہ زمین پر گرگئیں اور انہیں چوٹ لگی۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں