کیجریوال نے آپ کے ہماچل پردیش الیکشن انچارج اور کابینہ وزیر ستیندر جین کی گرفتاری پر ایک پریس کانفرنس میں منگلوار کو کہا کہ دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کو مرکزی حکومت نے گرفتار کیا ہے۔ میں نے ستیندر جین کے معاملے کے تمام کاغذات چیک کئے ہیں ۔ کیس مکمل طور پر فرضی ہے ۔ ہم ایماندار اور محب وطن لوگ ہیں۔ ہم لوگ بدعنوانی کو ملک کے ساتھ غداری مانتے ہیں ۔ ہم سر کٹا سکتے ہیں لیکن کرپشن نہیں کریں گے اور ملک سے کبھی غداری نہیں کریں گے۔
پنجاب کی مثال دیتے ہوئے آپ کے قومی کنوینر نے کہا کہ ابھی کچھ دن پہلے پورے ملک نے دیکھا کہ کس طرح ہم نے پنجاب میں اپنے ہی ایک وزیر کو برطرف کرکے جیل بھیج دیا۔ کسی کو بھی ان کی کرپشن کا پتہ نہیں تھا ۔ نہ میڈیا کو پتہ تھا نہ اپوزیشن کو پتہ تھا ۔ ہم چاہتے تو سارے معاملے کو دبا سکتے تھے لیکن ہم نے ایسا نہیں کیا ۔ ہم ملک سے غداری نہیں کر سکتے ۔ ہم اپنی آتما کاسودا نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ 2015 میں دہلی میں بھی ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا، جب میں نے خود اپنے وزیر خوراک کو برطرف کر کے سی بی آئی کے حوالے کر دیا تھا ۔ تب بھی کسی کو خبر نہ تھی ۔ تب بھی ہم چاہتے تو معاملہ دبا سکتے تھے لیکن ہم نے ایسا نہیں کیا ۔ ملک تو کیا، پوری دنیا نے سیاست میں اس طرح کی ایمانداری نہیں دیکھی ہوگی ، جس دن پنجاب کے ہمارے وزیر کو ہم نے جیل بھیجا، اسی دن بہت لوگوں کے فون آئے ۔ لوگ بہت جذباتی ہو رہے تھے اور کہہ رہے تھے کہ ہم نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ زندگی میں اس طرح کی ایمانداری دیکھنے کو ملے گی۔ میں نے ستیندر جین جی کے تمام کاغذات چیک کیے ہیں ۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں